تمام تاجر تنظیمیں اس حوالے سے مکمل تیار ہیں ‘ وہ مظلوموں کے ساتھ ہونے کا اعلان کریں گی
بھارت کی جانب سے جو فالس فلیگ آپریشن کیا گیا اس کے بعد صورتحال زیادہ تشویش ناک ہے
اسلام آباد(آئی این پی)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے جماعت اسلامی آج یوم مذمت بھارت و اسرائیل منارہی ہے، بھارت و اسرائیل کے ہتھکنڈوں کے خلاف پورے ملک میں ہڑتال ہوگی، فوج اور قوم کوجنگ کے لیے تیار رہناہوگا کیونکہ یہ جنگ بھارت مسلط کر رہاہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ اس وقت خلیج اور خطے کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہوچکی ہے، بھارت کی جانب سے جو فالس فلیگ آپریشن کیا گیا اس کے بعد صورتحال زیادہ تشویش ناک ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کے خلاف پوری قوم کو اکٹھا ہونے کی ضرورت ہے، خلیج میں بھارت اسرائیل اور امریکا کاگٹھ جوڑ بدامنی کا منبع بنا ہوا ہے۔انہوں نے کہا پاکستان کو بھارت سے تجارت کا کوئی فائدہ نہیں، ہم عرصہ سے یہ کہہ رہے ہیں، ہر گزرتے دن کیساتھ یہ بات ثابت ہورہی ہے کشمیر کا مسئلہ حل نہیں ہوگا، بھارت سے صورتحال بہتر نہیں ہوگی۔