خطے میں قیامِ امن کے مستقل حل کے لئے مذاکرات اور جرگوں کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے
ہم افغان مہاجرین کی باعزت انداز میں واپسی چاہتے ہیں: برٹش ہائی کمشنر سے ملاقات میں گفتگو
پشاور(آئی این پی)وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے صوبے کو امن و امان کے مسائل کا سامنا ہے، جب تک افغانستان میں حالات ٹھیک نہیں ہوں گے، خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں۔وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے پاکستان میں تعینات برٹش ہائی کمشنر جین میریٹ سے ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور خطے میں امن و امان کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر علی امین گنڈا پور نے کہا کہ خطے میں قیامِ امن کے مستقل حل کے لیے مذاکرات اور جرگوں کا راستہ اپنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا نے کئی عشروں تک افعان بہن بھائیوں کی مہمان نوازی کی، ہم افغان مہاجرین کی باعزت انداز میں واپسی چاہتے ہیں، صوبائی حکومت وطن واپس جانے والے افعان مہاجرین کو ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔علی امین گنڈا پور کا مزید کہنا تھا کہ صوبائی حکومت برطانوی حکومت کے ذیلی اداروں خصوصا سیڈ اور ایس این جی پروگرام کی معاونت کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے، ان پروگرامز نے صوبائی محکموں کی استعداد کو بڑھانے میں اہم کردار ادا کیا۔