سندھ وزیراعلیٰ اور ثقافتی حکام کی فنکاروں کو خراجِ تحسین، عالمی یومِ فنکار پر اہم اقدامات کا اعلان

سندھ وزیراعلیٰ اور ثقافتی حکام کی فنکاروں کو خراجِ تحسین، عالمی یومِ فنکار پر اہم اقدامات کا اعلان

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے عالمی یومِ فنکار کے موقع پر فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ فنکار معاشرے کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہیں اور ان کے بغیر تاریخ و ثقافت کا تصور ممکن نہیں۔

 انہوں نے مزید کہا کہ حکومتِ سندھ فنکاروں کی فلاح و بہبود اور آرٹ کے فروغ کے لیے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، جس کی مثال اروڑ یونیورسٹی آف آرٹ اینڈ کلچر کا قیام ہے۔اس کے علاوہ، محکمہ ثقافت فنکاروں کی مدد کے لیے ہمیشہ سرگرم رہتا ہے۔ وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ سندھ حکومت کے تعاون سے آرٹس کونسل کراچی جلد ورلڈ کلچرل فیسٹیول کا انعقاد کرے گی، جس میں 141 ممالک کے فنکار شریک ہوں گے اور یہ دنیا کا سب سے بڑا فیسٹیول ہوگا، جو عالمی سطح پر فنکاروں کی قدر و منزلت کا مظاہرہ کرے گا۔صوبائی وزیرِ ثقافت و سیاحت سید ذوالفقار علی شاہ نے بھی فنکاروں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ قوم کا فخر اور ثقافت کے امین ہیں، اور سندھ کی ثقافت محبت، امن اور رواداری کا پیغام دیتی ہے۔ انہوں نے نوجوان نسل میں آرٹ اور ثقافت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ وقت کی ضرورت ہے کہ فنون لطیفہ کو فروغ دیا جائے۔