سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ، پاکستان کی تیسری کامیابی،کوریا کو شکست

پاکستان کی دو کے مقابلے میں تین گول سے کامیابی‘ حنان شاہد نے دو اور رانا وحید اشرف نے ایک گول کیا
 ایپوہ (مانیٹرنگ ڈیسک)سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے جنوبی کوریا کو دلچسپ مقابلے کے بعد 2 کے مقابلے میں 3 گولز سے شکست دے دی۔ملائیشیا کے شہر ایپوہ میں جاری سلطان اذلان شاہ ہاکی کپ میں پاکستان نے تیسری کامیابی حاصل کرلی۔ پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے دو اور رانا وحید اشرف نے ایک گول کیا۔ رانا وحید اشرف نے پانچویں منٹ میں گول کرکے قومی ٹیم کو برتری دلائی جبکہ حنان شاہد نے 23 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری دوگنی کردی۔جنوبی کوریا نے 35 ویں منٹ میں گول کرکے پاکستان کی برتری کم کی جبکہ حنان شاہد نے 53 ویں منٹ میں اپنا دوسرا اور پاکستان کا تیسرا گول کردیا۔ جنوبی کوریا نے آخری منٹ میں پنالٹی کارنر پر اپنا دوسرا گول کیا اور میچ کا اختتام اسی 2-3 کے اسکور کے ساتھ ہوا۔ پاکستان کے تینوں گول فیلڈ گول تھے۔