دشمن قوتیں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ذریعے ہم پر حملہ آور ہیں احسن اقبال

پاکستان کی ترقی بلوچستان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے،شدت پسندوں کی نظریں ان معدنیات پر ہیں، وہ چاہتے ہیں ا س علاقے کو وہ اپنی دسترس میں لے کر آئیں 
  آج کے دور میں جنگ کا پہلا زینہ بیانیہ کی جنگ ہے، گولی کی جنگ آخر میں ہوتی ہے، ہم نے جب سی پیک شروع کیا اس کے خلاف منظم طور پر مہم چلائی گئی
طلبہ  کا فرض ہے  اپنے علاقے میں لوگوں امن کا شعور دیں، لوگوں کو بتائیں  اگر بدامنی رہی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے،وفاقی وزیر  کی یونیورسٹی آف نارووال کے بلوچ طلبہ سے گفتگو 
نارووال(آئی این پی )وفاقی وزیربرائے  منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے  پاکستان مخالف قوتیں خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے ذریعے حملہ آور ہیں، پاکستان کی ترقی بلوچستان کے ساتھ جڑی ہوئی ہے، بلوچستان میں بدامنی میں شدت اس وجہ سے ہے کہ حکومت نے بلوچستان میں ترقی کے منصوبوں پر عمل شروع کیا ہے،شدت پسندوں کی نظریں  معدنیات پر ہیں، وہ چاہتے ہیں کہ اس علاقے کو وہ اپنی دسترس میں لے کر آئیں۔ان خیالات کااظہار انہوں نے  یونیورسٹی آف نارووال کے بلوچ طلبہ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ خوشی ہے کہ آپ نے یونیورسٹی آف نارووال کا انتخاب کیا، ہماریلئے  آپ کی حیثیت طالب علم کے ساتھ ایک مہمان کی ہے کہ آپ بلوچستان سے آئے ہیں‘احسن اقبال نے کہا  آج کے دور میں جنگ کا پہلا زینہ بیانیہ کی جنگ ہے، گولی کی جنگ آخر میں ہوتی ہے، پہلے کوشش ہوتی ہے کہ بیانیے کے ذریعے لوگوں میں انتشار پیدا کرو، شدت پسندی کا طریقہ ہے کہ لوگوں میں بد اعتمادی پیدا کرو ان کو آپس میں لڑا۔انہوں نے کہا کہ جب کسی معاشرے میں عدم استحکام آتا ہے تو وہ خود بخود اندر سے کھوکھلا ہو جاتا ہے، ہمارا فرض ہے کہ ہم ان چیزوں سے باخبر ر ہیں، آج دنیا میں سوشل میڈیا پر فیک نیوز سے آگ لگا دی جاتی ہے، ہم نے جب سی پیک شروع کیا اس کے خلاف منظم طور پر مہم چلائی گئی، جھوٹے نقشے پھیلائے گئے تاکہ پاکستان اور چین کہیں آپس میں جڑ نہ جائیں۔ اللہ تعالی نے معرکہ حق میں ہمیں کامیابی دی ہے اور بے مثال کامیابی دی ہے، معرکہ حق نے ذنیا میں پاکستان کا طاقت کا توازن بھارت کے اگر اوپر نہیں تو برابر لا کے کھڑا کیا ہے، آج دنیا ہمیں بھارت سے کسی طرح کمتر نہیں دیکھ رہی۔انہوں نے کہا  اگر ہم نے ترقی کرنی ہے تو سب سے پہلی شرط امن ہے، استحکام ہے، پالیسوں کا تسلسل ہے، آپ کا فرض ہے کہ اپنے علاقے میں لوگوں امن کا شعور دیں، لوگوں کو بتائیں کہ اگر بدامنی رہی تو ہم بہت پیچھے رہ جائیں گے۔