1268 شدید زخمی افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا
لاہور (کرائم رپورٹر)پنجاب بھر میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات کی تشویشناک تعداد سامنے آئی ہیجہاں ریسکیو 1122نے مجموعی طور پر 2119 حادثات پر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔ترجمان ریسکیو فاروق احمد کے مطابق ان حادثات میں 28 افراد جاں بحق جبکہ ہزاروں زخمی ہوئے۔ریسکیو حکام کے مطابق 1268 شدید زخمی افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کیا گیامجموعی طور پر 2666 افراد زخمی ہوئے جن میں 1988 مرد اور 678 خواتین شامل ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ ٹریفک حادثات لاہور میں 284 رپورٹ ہوئے، جبکہ ملتان میں 141 اور فیصل آباد میں 133 حادثات پیش آئے۔ حادثات میں شامل گاڑیوں کی تفصیل کے مطابق 2363 موٹرسائیکلیں، 136 رکشے اور 329 کاریں شامل تھیں، جو سڑکوں پر بڑھتی ہوئی بے احتیاطی کی عکاسی کرتی ہیں۔صوبائی دارالحکومت لاہور میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 284 ٹریفک حادثات پیش آئے، جن میں 374 افراد زخمی ہوئے۔ ان میں سے 155 افراد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ 218 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔ریسکیو حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں، رفتار کو قابو میں رکھیں اور حفاظتی تدابیر اختیار کریں تاکہ حادثات کی شرح میں کمی لائی جا سکے۔