رواں ماہ پولیس نے 269ملزموں کو حراست میں لیا ، 75 لاکھ 83 ہزار روپے مالیت کی ریکوری
لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور پولیس نے جرائم کے تدارک کیلئے رواں ماہ بھرپور کارروائیاں کرتے ہوئے 119 خطرناک گینگز کو گرفتار کر لیا پولیس حکام کے مطابق گرفتار ہونے والے گینگز قتل، اقدام قتل، ڈکیتی اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔پولیس نے کارروائیوں کے دوران 269 افراد پر مشتمل گینگ ممبران کو حراست میں لیا اور ان کے قبضے سے مجموعی طور پر 75 لاکھ 83 ہزار روپے مالیت کی ریکوری کی گئی۔ برآمد شدہ سامان میں 25 موٹر سائیکلیں، 2 رکشے اور 64 موبائل فونز شامل ہیں، جبکہ 13 لاکھ 73 ہزار روپے سے زائد نقدی بھی قبضے میں لی گئی۔ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران کا کہنا ہے کہ ماہِ صیام کے دوران بھی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں، جس کے باعث عیدالفطر کے موقع پر شہر کا امن و امان برقرار رکھا گیا۔ انہوں نے بتایا کہ عید کے دنوں میں بھی نقص امن کا باعث بننے والے عناصر کو گرفتار کیا گیا۔ڈی آئی جی آپریشنز لاہورفیصل کامران کے مطابق چوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے تدارک کیلئے کارروائیاں مسلسل جاری ہیں اور لاہور پولیس قیام امن کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لا رہی ہے۔