فیڈرل بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن نے سکیورٹی صورتحال اور علاقائی حالات کے پیش نظر ایران سمیت چار خلیجی ممالک میں میٹرک کے امتحانات ملتوی کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
بورڈ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایران، کویت، متحدہ عرب امارات اور بحرین میں جاری میٹرک کے امتحانات کو تاحکم ثانی روک دیا گیا ہے۔ بورڈ حکام کے مطابق یہ فیصلہ موجودہ سکیورٹی صورتحال اور علاقائی حالات کے باعث طلبہ کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ملتوی کیے گئے امتحانات کے نئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا اور طلبہ کو پیشگی اطلاع دی جائے گی۔ بورڈ حکام کا کہنا ہے کہ طلبہ اور والدین پریشان نہ ہوں، امتحانات دوبارہ منظم شیڈول کے تحت لیے جائیں گے۔فیڈرل بورڈ انتظامیہ کے مطابق بیرون ملک امتحانی مراکز کی صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آنے کے بعد امتحانات دوبارہ شروع کیے جائیں گے۔