صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی کا امکان

اسلام آباد:پاکستان میں صارفین کے لیے ایک خوشخبری سامنے آئی ہے کہ ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 30 پیسے فی یونٹ کمی متوقع ہے۔

سی پی پی اے نے فروری کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے درخواست نیپرا میں دائر کی ہے، جس پر کل سماعت کی جائے گی۔درخواست کے مطابق، فروری میں 6 ارب 49 کروڑ 50 لاکھ یونٹس بجلی پیدا کی گئی جبکہ بجلی کمپنیوں کو 6 ارب 66 کروڑ 60 لاکھ یونٹس فراہم کی گئی۔ اس دوران فی یونٹ کی لاگت 8 روپے 22 پیسے رہی، جبکہ فروری کے لیے ریفرنس لاگت 8 روپے 52 پیسے فی یونٹ مقرر تھی۔

فروری میں بجلی کی پیداوار میں پانی سے 27.12 فیصد، مقامی کوئلے سے 15.02 فیصد، درآمدی کوئلے سے 1.56 فیصد، گیس سے 10.32 فیصد، ایل این جی سے 14.11 فیصد، اور جوہری ایندھن سے 26.59 فیصد بجلی پیدا کی گئی۔اگر نیپرا اس درخواست کو منظور کرتا ہے تو صارفین کے لیے بجلی کی قیمتوں میں کمی ہو گی، جس سے ماہانہ بلز میں کچھ کمی آ سکتی ہے۔