موسمیاتی آفات سے ہونے والے جانی نقصان میں کمی آئی ہے ‘ ہم زندگیاں بچانے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں:رپورٹ
نیویارک (آئی این پی )گزشتہ 5 دہائیوں کے دوران موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث دنیا بھر میں لاکھوں اموات اور کھربوں ڈالرز کا نقصان ہوا۔یہ انکشاف اقوام متحدہ کے عالمی موسمیاتی ادارے (ڈبلیو ایم او) کی جانب سے عالمی موسمیاتی دن کے موقع پر جاری رپورٹ میں کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق 1970 سے 2021 تک موسمیاتی آفات سے دنیا بھر میں 20 لاکھ سے زائد اموات ہوئیں جبکہ عالمی معیشت کو 4300 ارب سے زائد ڈالرز کا نقصان ہوا۔ڈبلیو ایم او کے سیکرٹری جنرل پروفیسر سیلسٹے سائولو نے بتایا کہ اگرچہ معاشی نقصانات میں اضافہ ہو رہا ہے مگر موسمیاتی آفات سے ہونے والے جانی نقصان میں کمی آئی ہے اور ہم زندگیاں بچانے میں زیادہ بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں