لاہور (کرائم رپورٹر) ایس پی کینٹ اختر نواز کی ہدایت پر برکی پولیس نے ڈالہ کلچر اور غیر قانونی اسلحہ کی نمائش کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین ملزمان کو اسلحہ اور گاڑی سمیت گرفتار کر لیا۔ ترجمان پولیس کے مطابق ایس ایچ او برکی عمران نواز نے پولیس ٹیم کے ہمراہ دورانِ سنیپ چیکنگ ایک مشکوک گاڑی کو رکنے کا اشارہ کیا، تاہم گاڑی نہ رکنے پر تعاقب کرکے ملزمان خیال محمد، محمد وزیر اور عابد اللہ کو گرفتار کر لیا گیا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے دو آٹو میٹک رائفلیں، ایک پستول، میگزینز اور گولیاں برآمد کرکے مقدمات درج کر لیے، جبکہ زیر استعمال گاڑی بھی تحویل میں لے لی گئی۔ ایس پی کینٹ اختر نواز نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او برکی عمران نواز اور پولیس ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ ڈالہ کلچر، غیر قانونی اسلحہ اور اس کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر سختی سے عمل جاری رہے گا۔