گاڑی ،موٹرسائیکل کو گہرے پانی میں لے جانے سے گریز کی ہدایت

لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور میں موسلادھار بارش کے پیش نظر لاہور ٹریفک پولیس نے رین ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے شہریوں کو دورانِ بارش احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کو گہرے پانی میں لے جانے سے گریز کیا جائے، پھسلن کے باعث رفتار کم رکھی جائے اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ برقرار رکھا جائے۔ سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ شہری بجلی کے کھمبوں، ٹرانسفارمرز، فیڈرز اور دیگر برقی تنصیبات کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کریں اور زمین پر گرے ہوئے بجلی کے تاروں سے دور رہ کر متعلقہ ادارے کو فوری اطلاع دیں۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ بارش کے دوران درختوں، کمزور دیواروں، سائن بورڈز اور زیر تعمیر ڈھانچوں کے قریب غیر ضروری طور پر نہ رکیں۔ انہوں نے بتایا کہ شہر کے 119 مصروف نشیبی مقامات پر ٹریفک وارڈنز تعینات ہیں تاکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھی جا سکے، جبکہ ڈیفنس انڈرپاس میں تاحال پانی موجود ہے اور کینال روڈ کے تمام انڈرپاسز مکمل طور پر کلیئر ہیں۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی کہ غیر ضروری سفر سے اجتناب کریں، روانگی سے قبل ٹریفک کی صورتحال معلوم کریں اور جہاں بارش کا پانی جمع ہو وہاں واسا اور ٹریفک وارڈنز کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے مکمل تعاون کریں۔