بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر ایودھیا میں انسانیت سوز واقعہ پیش آیا، جہاں رشتہ دار ایک ضعیف خاتون کو سڑک کنارے بے یار و مددگار چھوڑ کر فرار ہوگئے۔
یہ دل دہلا دینے والا لمحہ قریبی سی سی ٹی وی کیمرے میں محفوظ ہوگیا، جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واقعہ رات کے وقت پیش آیا، جب ایک رکشہ علاقے میں داخل ہوا جس میں ایک مرد اور دو خواتین سوار تھیں۔ ان تینوں نے ضعیف خاتون کو رکشے سے اتارا اور سڑک کنارے چھوڑ کر واپس روانہ ہوگئے۔ خاتون انتہائی کمزور اور نحیف دکھائی دے رہی تھیں، اور تنہا کھڑی تھیں۔صبح کے وقت جب مقامی رہائشیوں نے ضعیف خاتون کو اکیلا اور لاچار حالت میں دیکھا تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دی۔ پولیس نے خاتون کو ابتدائی طبی امداد کے لیے ایودھیا کے مقامی اسپتال منتقل کیا، مگر افسوس کہ وہ شام تک زندگی کی جنگ ہار گئیں۔
پولیس نے سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے ان افراد کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ معاشرتی بے حسی کی ایک افسوسناک مثال ہے، اور ضعیف افراد کے ساتھ اس طرح کے رویے پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔واقعے نے سوشل میڈیا اور بھارتی عوام میں شدید غم و غصے کی لہر دوڑا دی ہے، جہاں صارفین نے اسے "انسانیت کی موت" قرار دیا ہے اور مجرموں کو جلد انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔