پشاور(خصوصی رپورٹ)تحریک انصاف کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی شیر افضل مروت نے پارٹی کی جانب سے بھیجے گئے شوکاز کا جواب جمع کرا دیا۔شیر افضل مروت نے شوکاز نوٹس کا تحریری جواب چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان کو ارسال کر دیا۔پی ٹی آئی رہنما کے شوکاز کے جواب میں کہا گیا ہے کہ مجھ پر پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کا الزام لگایا گیا، نوٹس سلمان اکرم راجا سے متعلق میرے بیان کے تناظر میں بھیجا گیا۔شیر افضل مروت کا کہنا تھا سلمان اکرم راجا کے اقدامات پر قابو نہ پایا گیا تو پارٹی تقسیم ہو جائے گی، سلمان اکرم راجا کا تبصرہ پارٹی میں میری ساکھ کو نقصان پہنچانا تھا۔پی ٹی آئی رہنما کا کہنا تھا پہلے بھی پنجاب کے ایک ایم پی اے نے بانی پی ٹی آئی کو میرے متعلق گمراہ کیا تھا، وضاحت کا موقع فراہم کیے بغیر مجھے پارٹی سے نکال دیا گیا تھا۔شیر افضل مروت نے اپنے جواب میں شکوے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی فورمز پر خدشات اٹھانے کے باوجود کوئی کارروائی نہیں کی گئی، امید ہے کہ میرے اٹھائے گئے خدشات کو دور کیا جائے گا۔