سرٹیفکیٹ کا ریکارڈ نئے پیٹرن کے مطابق خود بخود اپ ڈیٹ ہو جائے گا،ترمیمی مراسلہ جاری
لاہور ( کرائم رپورٹر) آئی جی پنجاب کے حکم پر کریکٹر سرٹیفکیٹ کے پیٹرن میں تبدیلی کر دی گئی جس کے تحت ترمیمی مراسلہ تمام متعلقہ افسروں کو جاری کر دیا گیا ۔مراسلے کے مطابق بے گناہ افراد کا مجرمانہ ریکارڈ چھپانے کے لئے ویری فکیشن کمیٹی کا اجلاس بلانے کی ضرورت نہیں ہوگی اور ایسے کیسز کی کوئی رپورٹ سی پی او دفتر کو نہیں بھیجی جائے گی۔کریکٹر سرٹیفکیٹ کا ریکارڈ نئے پیٹرن کے مطابق خود بخود اپ ڈیٹ ہو جائے گا، جس کے لئے 15 مختلف کالمز رکھے گئے ہیں۔مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ تفتیش کے دوران بے گناہ قرار دئیے گئے افراد کیلئے مقدمہ خارج ہونے کے ریمارکس دئیے جائیں گے۔ عدالت میں صلح نامہ پر بری ہونے کی صورت میں بھی ملوث نہیں کے ریمارکس شامل کئے جائیں گے۔کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد اگر کوئی فرد بری ہو جاتا ہے تو ملوث نہیں کا ریکارڈ درج ہوگا۔عدالتی احکامات کے بعد پی آئی ٹی بی نے سافٹ ویئر کو اپ ڈیٹ کر دیا ، جس کے ذریعے نیا پیٹرن فوری طور پر لاگو کر دیا گیا ۔