بھارت کا مقبول کامیڈی پروگرام ’دی گریٹ انڈین کپل شو‘ اس بار کسی مزاحیہ جملے کی وجہ سے نہیں بلکہ موسیقی کے استعمال کے معاملے پر قانونی مشکل میں پھنس گیا ہے۔
معروف میوزک رائٹس ادارے فونوگرافک پرفارمنس لمیٹڈ (پی پی ایل) انڈیا نے شو کے خلاف بمبئی ہائی کورٹ میں کاپی رائٹ کی خلاف ورزی کا مقدمہ دائر کیا ہے۔پی پی ایل کے مطابق نیٹ فلکس پر نشر ہونے والے شو کے تیسرے سیزن میں بالی ووڈ کے تین مشہور گانے اجازت کے بغیر استعمال کیے گئے: فلم منّا بھائی ایم بی بی ایس کا ’ایم بولے تو‘، فلم کانٹے کا ’راما رے‘ اور فلم دیسی بوائز کا ’صبح ہونے نہ دے‘۔ یہ اقساط جون سے ستمبر کے درمیان نشر ہوئیں۔درخواست گزار کا مؤقف ہے کہ ان گانوں کا استعمال بھارتی کاپی رائٹ ایکٹ کے تحت ’عوامی پرفارمنس اور عوام تک ترسیل‘ کے زمرے میں آتا ہے، کیونکہ شو پہلے لائیو آڈیئنس کے سامنے ریکارڈ کیا جاتا ہے اور بعد میں آن لائن لاکھوں ناظرین تک پہنچتا ہے۔
پی پی ایل نے عدالت کو بتایا کہ نومبر کے آغاز میں شو کے پروڈیوسرز کو نوٹس بھیجا گیا تھا، تاہم ان کا جواب غیر تسلی بخش تھا اور موسیقی کا استعمال جاری رہا۔ادارے نے عدالت سے مزید استعمال روکنے، ممکنہ آمدن کی تفصیلات طلب کرنے اور خلاف ورزی سے متعلق مواد ضبط کرنے کی درخواست کی ہے۔اس معاملے کی سماعت جلد متوقع ہے۔