بالی ووڈ کے معروف اداکار اور مسٹر پرفیکٹ کے لقب سے مشہور عامر خان نے حال ہی میں اپنی ذاتی زندگی میں ہونے والی اخلاقی خرابیوں کا اعتراف کیا ہے۔
وہ ایک شو میں شریک ہوئے اور اپنی ماضی کی بری عادات پر پشیمانی کا اظہار کیا۔ عامر خان نے بتایا کہ وہ ماضی میں شراب نوشی کی لت میں مبتلا تھے اور پائپ پینے کی عادت بھی رکھتے تھے، جو ان کے لئے ایک مشکل چیلنج بن چکی تھی۔انہوں نے مزید کہا کہ "زندگی میں نظم و ضبط کا فقدان تھا اور یہ عادات ان کے ذاتی زندگی میں بے قاعدگیوں کا سبب بنتی تھیں۔" تاہم، انہوں نے اس بات کا اعتراف کیا کہ وہ سیٹ پر وقت پر پہنچنے والے شخص تھے، مگر ان کی ذاتی زندگی میں بے ترتیبیاں تھیں۔ عامر خان نے بتایا کہ "اب میں نے شراب نوشی ترک کر دی ہے، لیکن ایک وقت تھا جب میں رات بھر شراب پیتا رہتا تھا۔"
اداکار نے اپنی بری عادات پر مزید بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اب بھی پائپ پیتے ہیں، لیکن انہوں نے شراب پینا چھوڑ دیا ہے۔ انہوں نے اپنے ان اعترافات میں یہ بھی بتایا کہ وہ شدت پسند تھے اور اپنی ان عادات کے بارے میں جانتے ہوئے بھی خود کو روکا نہیں پاتے تھے۔عامر خان کا یہ اعتراف ان کے فالوورز کے لئے حیرانی کا باعث بنا ہے، کیونکہ وہ ہمیشہ اپنے کرداروں اور زندگی میں اخلاقی قدروں کے حوالے سے مشہور رہے ہیں۔