پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے میڈیا میں گردش کرنے والی ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ون ڈے ٹیم میں وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی جگہ سلمان علی آغا کو کپتان بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پی سی بی نے واضح کیا ہے کہ ایسی تمام افواہیں بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں۔ترجمان پی سی بی کے مطابق، اس بات میں بھی کوئی صداقت نہیں کہ ٹیسٹ ٹیم کی قیادت شان مسعود سے لے کر سعود شکیل کو دینے پر غور کیا جارہا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے اجلاسوں میں اب تک ایسا کوئی معاملہ زیرِ غور نہیں آیا۔مزید برآں، بورڈ نے واضح کیا ہے کہ کسی بھی پلیئر کے سینٹرل کنٹریکٹ کی کیٹیگری میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور نہ ہی اس حوالے سے کوئی فیصلہ کیا گیا ہے۔پی سی بی کا کہنا ہے کہ بورڈ ٹیم کے انتخاب اور قیادت سے متعلق تمام فیصلے میرٹ پر کرتا ہے، اس لیے غیر مصدقہ خبروں پر دھیان دینے کے بجائے صرف بورڈ کے آفیشل بیانات کو ہی مستند سمجھا جائے۔