"اسٹاک مارکیٹ میں تیزی، انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں کمی"

ویب ڈیسک: پاکستان اسٹاک ایکسچینج اور انٹر بینک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز مثبت رجحان دیکھنے کو ملا۔

 سرمایہ کاروں کی جانب سے سرمایہ کاری میں دلچسپی بڑھنے کے باعث مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی جبکہ ڈالر کی قدر میں بھی معمولی کمی ریکارڈ کی گئی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کے آغاز پر ہی 100 انڈیکس میں نمایاں تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 472 پوائنٹس کے اضافے کے بعد ایک لاکھ 49 ہزار 965 پوائنٹس کی سطح پر ٹریڈ کرتا دکھائی دیا۔ یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری ہفتے کے آخری روز بھی مارکیٹ میں مثبت رجحان دیکھا گیا تھا جب 100 انڈیکس 258 پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 49 ہزار 493 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔

دوسری جانب انٹر بینک مارکیٹ میں بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری ریکارڈ کی گئی۔ کاروبار کے آغاز پر ڈالر 10 پیسے سستا ہو کر 281 روپے 80 پیسے میں ٹریڈ ہوتا رہا۔ ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن کے مطابق کاروباری ماحول میں اعتماد اور سرمایہ کاروں کی دلچسپی کے باعث روپے کی قدر میں یہ بہتری سامنے آئی ہے۔ماہرین کے مطابق اسٹاک مارکیٹ میں تسلسل کے ساتھ تیزی اور ڈالر کی قدر میں کمی ملکی معیشت کے لیے ایک مثبت اشارہ ہے، تاہم یہ رجحان آئندہ دنوں میں عالمی اور مقامی معاشی عوامل سے مشروط رہے گا۔