خاتون کو جہیز نہ لانے کی سزا ملی، نوئیڈا میں افسوسناک واقعہ پیش آیا
36 لاکھ کا مطالبہ، دونوں بہنوں کو جہیز کیلئے مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر نوئیڈا میں جہیز نہ لانے پر خاتون کو اس کے بیٹے کے سامنے درندہ صفت سسرالیوں نے زندہ جلا ڈالا۔بھارتی میڈیا کے مطابق نوئیڈا میں یہ واقعہ پیش آیا جہاں سسرالیوں نے تشدد کے بعد خاتون کو آگ لگا دی، متاثرہ خاتون کی شناخت نکی کے نام سے ہوئی ہے۔انکی کی بڑی بہن کنچن کی شادی بھی اسی گھر میں ہوئی تھی، دونوں دیورانی جیٹھانی تھی، کنچن کا کہنا ہے کہ ہم دونوں بہنوں کو جہیز کے لیے مسلسل تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا اور سسرال والوں نے 36 لاکھ روپے کا مطالبہ کیا تھا۔ کنچن نے بتایا کہ نکی کی شادی 2016 میں ہوئی تھی اور صرف 6 ماہ بعد ہی جہیز کے لیے ظلم و ستم کا سلسلہ شروع ہوگیا، جمعرات کی رات نکی کو بہیمانہ تشدد کے بعد اس کے بچے کے سامنے آگ لگا دی گئی۔نکی کی بہن کا کہنا ہے کہ کئی برسوں تک ہم پر ظلم ہوتا رہا، سسرالی کہتے تھے کہ شادی میں یہ چیز نہیں ملی وہ نہیں ملی، ہم سے 36 لاکھ روپے مانگتے تھے، جمعرات کو مجھے بھی کئی گھنٹے مارا پیٹا گیا اور کہا گیا کہ تم مرو گی تو اچھا ہے، ہم دوسری شادی کر لیں گے۔