پاکستان کی پہلی "بجلی پیدا کرنے والی سڑک" لاہور میں مکمل

پاکستان کی پہلی

لاہور: پاکستان کی پہلی بجلی پیدا کرنے والی سڑک، روٹ فورٹی سیون، تیار کر لی گئی ہے۔

یہ جدید سڑک، جو چار اعشاریہ پانچ کلومیٹر طویل ہے، لاہور کے مصروف ترین علاقوں کو آپس میں جوڑنے کا باعث بنے گی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز اسی اتوار کو اس سڑک کا افتتاح کریں گی، جس کے بعد یہ عوام کے لیے کھول دی جائے گی۔روٹ فورٹی سیون کے علاوہ اس سڑک پر ایک خوبصورت سائیکل ٹریک اور جھیل بھی شہریوں کے لیے مسحورکن تجربہ ثابت ہوگی۔ اس سڑک کو ہائی ٹیک اور اسمارٹ بنایا گیا ہے اور یہ سی بی ڈی (سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ) نے تقریباً 9 ارب روپے کی لاگت سے تعمیر کی ہے۔

سڑک پر ایک طویل فلائی اوور، پیدل چلنے والوں اور سائیکل سواروں کے لیے الگ لائنز اور بارشی پانی کے لیے خصوصی ڈرینج سسٹم نصب کیا گیا ہے۔مزید اہمیت کا حامل پہلو یہ ہے کہ روٹ فورٹی سیون پر سولر پینلز نصب ہیں، جو نہ صرف پیدل چلنے والوں کو سایہ فراہم کریں گے بلکہ 1.5 میگا واٹ تک بجلی بھی پیدا کریں گے۔ یہ پراجیکٹ لاہور کی ترقی اور ماحولیاتی بہتری کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔