لانگ مارچ سے پہلے پولیس کا کریک ڈاؤن، 37 پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری

لانگ مارچ سے پہلے پولیس کا کریک ڈاؤن، 37 پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنوں کی گرفتاری

لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے 27 ستمبر کو اسلام آباد مارچ کے پیش نظر لاہور میں پارٹی کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کے خلاف پولیس کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔

 حالیہ رپورٹس کے مطابق پی ٹی آئی کے خلاف کارروائیاں اور گرفتاریوں کا سلسلہ مارچ سے قبل جاری ہے۔پولیس ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں سمیت 29 افراد کو 30 روز کیلئے نظر بند کیا گیا ہے، جبکہ 37 متحرک کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق نظر بندی کے احکامات پنجاب مینٹیننس آف پبلک آرڈر (3-MPO) کے تحت جاری کیے گئے، جبکہ چار رہنماؤں کو 9 مئی سے متعلق مقدمات میں گرفتار کیا گیا ہے۔پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اسلام آباد مارچ کے تناظر میں امن و امان برقرار رکھنے کیلئے مزید گرفتاریاں بھی کی جا رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق کارروائیوں کیلئے پہلے سے تیار فہرستوں کی بنیاد پر کارکنوں اور مقامی رہنماؤں کو حراست میں لیا جا رہا ہے۔حالیہ دنوں میں عمران خان کی بہنیں علیمہ خان، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور نورین نیازی بھی لاہور میں 30 روز کیلئے 3-MPO کے تحت نظر بند کی گئی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق اسلام آباد مارچ کے دوران امن و امان برقرار رکھنے اور کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کیلئے سیکیورٹی اقدامات جاری رکھے گئے ہیں۔