امریکا: پانچ ماہ کی سخت مشق، شہری نے کپ پلٹنے کا ریکارڈ بنا ڈالا

لاہور(نیٹ نیوز )امریکی ریاست آئیڈاہو سے تعلق رکھنے والے ڈیوڈ رش نے پلاسٹک کے کپ پلٹنے کا عالمی ریکارڈ توڑنے کے لیے پانچ ماہ تک مسلسل مشق کی اور بالآخر کامیاب ہوگئے۔انہوں نے 10 کپ صرف 6.63 سیکنڈز میں پلٹے اور 7.57 سیکنڈز کے سابقہ ریکارڈ کو توڑدیا۔ڈیوڈ رش (جن کے پاس 200 سے زائد گنیز ورلڈ ریکارڈز موجود ہیں) کا کہنا تھا کہ کم وقت میں 10 کپ پلٹنے کا ریکارڈ توڑنے کا خیال دراصل ان کے اور ان کے ساتھی الیکس کے درمیان ایک چیلنج کے دوران آیا۔رش کے مطابق انہوں نے اسی وقت اپنی درخواست جمع کرا دی تھی اور انہیں امید تھی کہ وہ چند ہفتوں میں یہ ریکارڈ توڑ لیں گے لیکن حقیقت اس کے برعکس نکلی۔انہوں نے بتایا کہ 10 پلاسٹک کپوں کو مسلسل اس طرح پلٹنا کہ ہر کپ الٹا ہو کر صحیح پوزیشن میں گرے، توقع سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہوا۔