سپیکر قومی اسمبلی سے یورپی یونین کے وفد کی ملاقات، فرینڈشپ گروپ بنانے کی تجویز

اسلام آباد (آن لائن)  اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق سے یورپی پارلیمنٹ کی رکن ماریہ خان کی قیادت میں یورپی یونین کے ایک اعلیٰ سطحی پارلیمانی وفد نے پارلیمنٹ ہاؤس میں اہم ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دو طرفہ تعلقات، علاقائی و عالمی امور، دہشت گردی کے چیلنجز، موسمیاتی تبدیلیوں اور اقلیتوں کے حقوق سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ اسپیکر قومی اسمبلی نے اس موقع پر دونوں طرف کے تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے  پاک۔یورپی یونین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ قائم کرنے کی اہم تجویز پیش کی، جسے مہمان وفد نے سراہا۔اسپیکر سردار ایاز صادق نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان یورپی یونین کے رکن ممالک کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے دونوں خطوں کے مابین تجربات اور معلومات کے تبادلے کے لیے پاک۔یورپی یونین پارلیمانی فرینڈشپ گروپ کے قیام کی باضابطہ تجویز پیش کی تاکہ پارلیمانی روابط کو مزید فروغ دیا جا سکے۔ یورپی یونین کے وفد نے پرتپاک استقبال پر اسپیکر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بڑی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔