پشاور: وادی تیراہ شاڈالے اکاخیل سانحہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال کے پیش نظر وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین خان گنڈاپور مظاہرین سے بات چیت کے لیے باڑہ پہنچ گئے۔
وزیراعلیٰ نے قبیلہ اکاخیل کے ملک ظاہر شاہ آفریدی کے حجرے میں تیراہ واقعے کے متاثرین سے تعزیت کی اور کہا کہ تیراہ واقعہ قابل افسوس ہے۔ شہداء کے لیے جو اعلان کیا گیا ہے، وہ رقم متاثرہ خاندانوں کو دی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کو دہشت گرد کہنے کی مذمت بھی کی۔انہوں نے مشران سے کہا کہ ایک کمیٹی تشکیل دی جائے تاکہ عسکری حکام کے ساتھ بات چیت کی جا سکے۔
اس موقع پر چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب علی شاہ، کمشنر پشاور، صوبائی وزیر سہیل آفریدی، ایم این اے اقبال آفریدی، باڑہ سیاسی اتحاد کے صدر ہاشم خان، سابقہ ایم پی اے شفیق آفریدی سمیت مختلف سیاسی جماعتوں کے قائدین، مقامی عمائدین اور بڑی تعداد میں مظاہرین موجود تھے۔اطلاعات کے مطابق، باڑہ سیاسی اتحاد سمیت دیگر مشران نے کمیٹی تشکیل دے دی جو آئی جی ایف سی کے ساتھ مذاکرات کے لیے پشاور روانہ ہوگئی ہے۔