دفاعی معاہدے نے تاریخی تعلقات کو نئی جہت دی:محسن نقوی

سعودیہ کی ترقی پاکستان کیلئے  فخر اور حوصلے کا باعث ہے:  وزیر داخلہ کا سعودی عرب کے قومی دن پر پیغام
اسلام آباد(آئی این پی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی  نے کہاہے  پاک سعودیہ دفاعی تعاون معاہدے نے تاریخی تعلقات کو نئی جہت دی ہے۔ دفاعی، اقتصادی اور ثقافتی شراکت داری نے باہمی تعلقات کو نئی بلندیوں تک پہنچایا ہے۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے قومی دن پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عوام کو مبارکباد دی۔اس موقع پر محسن نقوی نے کہا  سعودی قیادت، سعودی سفیر اور عوام کے  لئے خیر سگالی اور نیک خواہشات  کا اظہار کرتا ہوں۔ ولی عہد محمد بن سلمان کی ولولہ انگیز قیادت میں سعودی عرب نے ترقی کے سنگ میل عبور کیے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ سعودی عرب کی ترقی پاکستان کے لئے  فخر اور حوصلے کا باعث ہے، اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔انہوں نے کہا کہ پاک سعودیہ تعلقات دو بھائیوں کی وہ مقدس میراث ہے جو دلوں کی گہرائیوں سے جڑی ہوئی ہے۔ ایک دوسرے کے لئے قربانی، وفا اور خلوص کے رشتے نے اس دوستی کو ہر آزمائش میں سرخرو کیا ہے۔