پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز کے مالک علی ترین نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی طرف سے بھیجے گئے قانونی نوٹس کو رد کرتے ہوئے اسے پھاڑ دیا اور کہا ہے کہ وہ کسی بھی قسم کی دھمکیوں سے خوفزدہ نہیں ہیں۔
علی ترین نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو پیغام میں بتایا کہ پی سی بی نے انہیں تنقیدی بیانات واپس لینے، معافی مانگنے، اور معاہدہ توڑنے اور بلیک لسٹ کرنے کی دھمکی دی تھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ وہ ان دھمکیوں سے پیچھے نہیں ہٹیں گے اور خاموش نہیں رہیں گے۔ علی ترین کا کہنا تھا کہ انہیں پی ایس ایل سے بہت محبت ہے اور یہ لیگ پاکستان کے لیے ہے، لیکن مسئلے کے حل کے لیے ابھی تک کوئی رابطہ نہیں ہوا۔ویڈیو میں علی ترین نے ذو معنی معذرت بھی کی، جس میں انہوں نے ڈرافٹ، ٹریننگ سہولیات، اور افتتاحی تقریب پر تنقید کرنے اور پی ایس ایل مینجمنٹ میں قابل لوگوں کی شمولیت کا مطالبہ کرنے پر معافی مانگی۔
یاد رہے کہ پی سی بی نے ملتان سلطانز کو مبینہ طور پر معاہدے کی خلاف ورزی اور لیگ کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کے الزام میں نوٹس جاری کیا تھا۔ ذرائع کے مطابق، الزام ہے کہ فرنچائز نے سوشل میڈیا انٹرویوز اور پوڈکاسٹس کے ذریعے لیگ کی قدر کو کم کرنے کی کوشش کی تاکہ آئندہ 10 سال کے لیے ویلیو ایشن کم کی جا سکے۔ اگر ملتان سلطانز نے نوٹس کا مناسب جواب نہ دیا، تو ممکن ہے کہ معاہدہ منسوخ کیا جائے اور مالکان کو بلیک لسٹ بھی کیا جائے۔