اسلام آ باد یونائیٹڈقلندرز کے 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 107 رنز پر ہمت ہار گئی،، سلمان مرزا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 10 کے دوسرے کوالیفائر میں لاہور قلندرز نے دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دے کر فائنل تک رسائی ممکن بنالی۔قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں لاہور قلندرز کے 203 رنز کے ہدف کے تعاقب میں اسلام آ باد یونائیٹڈ کی ٹیم 15 اعشاریہ 1 اوورز میں 107 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔سلمان آغا 33 اور کپتان شاداب خان 26 رنز کے سوا دفاعی چیمپئن کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر لاہور کی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکا، یوں ٹیم کو 95 رنز کے بڑے مارجن سے شکست ملی۔پی ایس ایل سیزن 10 میں اسلام آباد یونائیٹڈ کیلیے یہ دوسرا موقع تھا، جب اسے کوالیفائر میں شکست سے دوچار ہونا پڑا، پہلے کوالیفائر میں اسے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 30 رنز سے شکست دی تھی۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے صاحبزادہ فرحان 3، محمد شہزاد صفر، وین ڈرڈسن 7، عماد وسیم 8، جیمز نیشم 8، حیدر علی 4، نسیم شاہ صفر پر پویلین لوٹ گئے۔لاہور قلندرز کے شاہین شاہ آفریدی، سلمان مرزا اور رشاد حسین نے 3،3 وکٹ اپنے نام کیں، سلمان مرزا میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔لاہور قلندرز نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹ پر 202 رنز اسکور کیے، محمد نعیم اور کوشل پریرا نے نصف سنچریاں اسکور کیں، انہوں نے بالترتیب 50 اور 61 رنز اسکور کیے۔دیگر کھلاڑیوں میں عبداللّٰہ شفیق 25، راجا پاسکے 22، آصف علی 15 اور فخرزمان 12 رنز کے ساتھ نمایاں بیٹر رہے۔اسلام آباد یونائیٹڈ کے ملز نے 3، سلمان ارشاد نے 2 وکٹ اپنے نام کیں۔میچ میں لاہور قلندرز کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کپتانی شاداب خان کے سپرد تھی۔