آئی ایم ایف سے معاملات طے نہ ہوئے،بجٹ تاخیر کا شکار

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) آئی ایم ایف سے معاملات طے نہ ہونے پر وزارت خزانہ کی جانب سے آئندہ مالی سال کا بجٹ پیش کرنے کی تاریخ تبدیل کر دی گئی۔وزارت خزانہ کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ اب عید کے بعد 10 جون کو پیش کیا جائے گا۔ترجمان وزارت خزانہ کے مطابق اس سے قبل 2 جون کو بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں کی گئی تھیں۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق آئی ایم ایف سے بجٹ مذاکرات فائنل نہیں ہو سکیجس پر وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو فوری طور پر طلب کر لیا اور ہدایات جاری کیں۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ اہداف طے کرنے کیلئے مزید وقت درکار ہے۔ذرائع کاکہنا ہے آئی ایم ایف مشن کے دورہ پاکستان میں مذاکرات مکمل ہو گئے ہیں، تاہم بجٹ اہداف پر اتفاق نہیں ہوسکا، آئندہ مالی سال کے بجٹ اہداف ورچوئل مذاکرات میں طے کئے جاسکتے ہیں۔ ذرائع نے بتایا بجٹ 10 جون کو پیش کرنے کی بنیادی بجٹ سازی کی تکمیل میں تاخیر ہے کیونکہ ابھی تک آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت مکمل نہیں ہوسکی۔آئی ایم ایف کے ساتھ 22 مئی کو مذاکرات کا آخری روز تھا۔ذرائع کا کہنا تھا وفد نے جمعے کو بھی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب سے ملاقات کی اور توقع ہے آئی ایم ایف کی جانب سے مذاکرات کے بارے میں باضابطہ طور پر اعلامیہ بھی جلد جاری ہوگا۔ ذرائع نے بتایا اعلامیے میں واضح کیا جائے گا کہ مذاکرات میں کہاں تک پیش رفت ہوئی ہے۔ ذرائع نے کہا آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ تخمینہ جات پر ابھی تک اتفاق نہیں ہوسکا اسی وجہ سے وزیراعظم نے معاشی ٹیم کو فوری طور پر طلب کرکے اس بارے میں ہدایات بھی جاری کی ہیں۔وزارت خزانہ کے ذرائع کا کہنا ہے آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ اہداف طے کرنے کے لیے مزید وقت درکار ہے اہداف ورچوئل مذاکرات میں طے کیے جاسکتے ہیں اور آئی ایم ایف کے ساتھ مشاورت کی تکمیل کے بعد بجٹ مسودے کو حتمی شکل دی جائے گی، ابھی پی ایس ڈی پی اور سالانہ ترقیاتی منصوبے کی منظوری ہونا بھی باقی ہے۔ذرائع کے مطابق اب آئی ایم ایف کے ساتھ بجٹ پر مذاکرات آئندہ ہفتے بھی جاری رہیں گے۔ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق حکومت نے تنخواہ دار طبقے اور صنعتوں پر ٹیکسوں کی شرح کم ، دفاعی بجٹ میں زیادہ اضافہ ، ترقیاتی اور غیر ترقیاتی اخراجات کم کرنے سے متعلق تجاویز شیئر کر دی ہیں۔ذرائع نے بتایا حکومت نے تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بوجھ کم کرنے کے لییتجاویز دیں،مذاکرات میں اگلے مالی سال کے لیے زرعی انکم ٹیکس کی وصولی کے فریم ورک پر بھی غور کیا گیا پاکستان نے صوبوں کی آمدن بڑھانے کا منصوبہ بھی آئی ایم ایف کے سامنے رکھ دیا۔ ذرائع نے بتایا عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف)کی بعض شرائط کو پورا کرنے کے لئے کابینہ کمیٹی بھی بنا دی گئی ہے۔اخراجات کم کرنے کے لیے کمیٹی کو رواں ماہ کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔دریں اثنا، وفاقی وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے تصدیق کرتے ہوئے کہا آئندہ مالی سال کا وفاقی بجٹ 10 جون کو پیش کیا جائے گا۔ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کا قومی اقتصادی سروے 9 جون کو جاری کیا جائے گا۔