کانگریسی رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست تسلیم کر لی

 5 ہزار سستے پاکستانی ڈرونز کے سامنے بھارت کا دفاع بے بس ثابت ہوگیا  تھا
 3 سے 4 رافیل طیارے تباہ ہوگئے‘ مودی سرکار کی مجرمانہ خاموشی بدستور برقرار ہے:وجے واڈیٹیوار 
 نئی دہلی(آئی این پی )معرکہ حق آپریشن بنیان مرصوص میں کانگریس رہنما نے بھارت کی عبرتناک شکست  کا اعتراف کرتے ہوئے مودی سرکار کی پالیسیوں کا بھانڈا پھوڑ دیا۔کانگریس کے ایم ایل اے وجے واڈیٹیوار نے کہا ہے پاکستان نے سستے ڈرونز بھارت بھیجے، بھارت نے اربوں جھونک دیئے، چین نے پاکستان کو 5 ہزار ڈرونز دے کر بھارت کی کمزوری بے نقاب کر دی جبکہ مودی سرکار اربوں جھونکتی رہی، مودی سرکار نے 15 ہزار کے ڈرون گرانے کیلئے 15 لاکھ کا میزائل فائر کیا، مودی سرکار کی جنگی حکمت عملی مکمل طور پر ناکام اور 5 ہزار سستے پاکستانی ڈرونز کے سامنے بھارتی دفاع بے بس ثابت ہوگیا۔وجے واڈیٹیوار نے بھارت کی پاکستان کے ہاتھوں بدترین شکست کو مودی سرکار کی ناکامی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے کم لاگت میں حملہ کیا جبکہ بھارت نے عوام کے ٹیکس کا پیسہ بے دریغ ضائع کیا۔کانگریس ایم ایل اے نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کے 3 سے 4 رافیل طیارے تباہ کر دیئے، مگر مودی سرکار کی مجرمانہ خاموشی بدستور برقرار ہے۔