منشیات فروشوں کی فائرنگ ،2 پولیس اہلکار شہید،2 زخمی

 پولیس نے ٹبی پیراں میں چھاپہ مارا تو ملز موں نے فائرنگ کر دی عمران وینس اور رانا شفیق دم توڑ گئے 
آئی جیڈاکٹر عثمان انور کا نوٹس، آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب ، ملزموں کی جلد از جلد گرفتاری کا حکم
لاہور،سرگودھا(کرائم رپورٹر ،سٹاف رپورٹر)سرگودھاکے نواحی علاقہ لکسیاں میں منشیات فروشوں کی پولیس پر فائرنگ سے دو پولیس اہلکار جاں بحق اور دو شدید زخمی ہو گئے ، آئی جی پنجاب پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملز موں کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے ،تھانہ لکسیاں پولیس نے منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نواحی علاقہ ٹبی پیراں میں چھاپہ مارا جہاں ملز موں نے پولیس پر براہِ راست فائرنگ شروع کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں سرگودھا پولیس کے کانسٹیبل عمران وینس اور کانسٹیبل رانا شفیق موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ سب انسپکٹر ممتاز اور ایلیٹ کانسٹیبل نعمان شدید زخمی ہوئے۔واقعے کے دوران ملزم موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس کے مطابق ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں اور متعدد علاقوں میں سرچ آپریشن جاری ہے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریجنل پولیس آفیسر (آر پی او) محمد شہزاد آصف خان اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) محمد صہیب اشرف موقع پر پہنچ گئے۔ شہداء￿  اور زخمیوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ شہید ہونیوالے کانسٹیبل عمران وینس اور رانا شفیق کی نماز جنازہ پولیس لائنز میں ادا کردی گئی ،نماز جنازہ میں آر پی او محمد شہزاد آصف خان، کمشنر ملک جہانزیب اعوان ،ڈی پی او محمد صہیب اشرف، ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم سمیت افسروں و ملازمین کی بڑی تعداد نے شرکت کی،اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی آر پی او، کمشنر نے شہداء￿  کے اہل خانہ سے ملاقات کی اوران کے بلند حوصلے کی تعریف کی جس کے بعد شہداء￿  کے جسد خاکی تدفین کے لیے آبائی گائوں روانہ کر دئیے گئے۔انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے سرگودھامیں دوران ریڈ منشیات فروشوں کی فائرنگ سے پولیس کے 2بہادر جوانوں کی شہادت کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او سرگودھا سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ آئی جی پنجاب نے ڈی پی او سرگودھا کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا حکم دیا ہے۔