پنجاب کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، پنجاب پنجابیوں کا ،پورے پاکستان کا بھی،پلوشہ خان

اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلز پارٹی کی رہنما سینیٹر پلوشہ خان نے پنجاب میں حالیہ بارشوں اور شہری سیلابی صورتحال پر پنجاب حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔اپنے بیان میں پلوشہ خان نے کہا کہ پنجاب کسی کی ذاتی جاگیر نہیں، پنجاب پنجابیوں کا بھی ہے اور پورے پاکستان کا بھی۔انہوں نے کہا کہ راجِ برطانیہ کی ایسٹ انڈیا کمپنی کی طرح خود کو حکمران سمجھنے والوں کی حقیقت بارش کے پانی نے عوام کے سامنے آشکار کر دی ہے۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا راجن پور، بھکر، کوٹ ادو، مظفرگڑھ، بہاولنگر اور ڈیرہ غازی خان پنجاب کا حصہ نہیں ہیں؟ان کا کہنا تھا کہ راولپنڈی اور لاہور آج سوئمنگ پول کا منظر پیش کر رہے ہیں جبکہ شہری شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔