ٹرمپ کا نیا حکمنامہ: حماس و حزب اللّٰہ کے حامیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

ٹرمپ کا نیا حکمنامہ: حماس و حزب اللّٰہ کے حامیوں کے خلاف کارروائی کا اعلان

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دہشت گردی کے حامی غیر ملکیوں کے خلاف نیا صدارتی حکم نامہ جاری کیا ہے جس کا مقصد امریکا کی قومی سلامتی کو محفوظ رکھنا ہے۔

اس حکم نامے کے تحت غیر ملکیوں کی شناخت، جانچ، اور ملک بدری کی کارروائیاں کی جائیں گی، خصوصاً ان افراد کے خلاف جو حماس اور حزب اللہ جیسی تنظیموں کی حمایت کرتے ہیں یا ان کے مظاہروں میں حصہ لیتے ہیں۔ ہوم لینڈ سیکیورٹی، محکمہ خارجہ، اور انٹیلی جنس ایجنسیاں ان افراد کی سخت نگرانی کریں گی تاکہ قومی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔حکم نامے کے مطابق، امریکا میں موجود وہ افراد جو نفرت انگیز نظریات کی تبلیغ کرتے ہیں یا امریکا مخالف نظریات رکھتے ہیں، انہیں ملک بدر کیا جا سکتا ہے۔

 اس کے ساتھ ساتھ ویزا رکھنے والوں کی سخت جانچ کی جائے گی، خاص طور پر ان افراد کی جو دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں۔مذہبی آزادی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس حکم نامے پر شدید اعتراض کیا ہے، یہ کہتے ہوئے کہ یہ حکم ٹرمپ کے سابقہ 'مسلم بین' سے مشابہت رکھتا ہے۔ دوسری جانب، ٹرمپ کے حامیوں کا کہنا ہے کہ یہ اقدام امریکا کی آزادیوں کو بچانے کے لیے ضروری ہے تاکہ غیر ملکی افراد امریکا میں نفرت یا تشدد کو فروغ نہ دے سکیں۔