ٹرمپ سے ملاقات میں یوکرین کی خود مختاری پر بات کروں گا: برطانوی وزیراعظم

روس کی غیرقانونی جنگ کے خاتمے کے ذریعے دیرپا امن کی بحالی کے لیے برطانیہ پرعزم ہے،ترجمان ڈائوننگ سٹریٹ
لندن(آئی این پی )برطانوی وزیراعظم سر کئیر سٹارمر نے کہا ہے کہ وہ اگلے ہفتے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ہونے والی اپنی ملاقات میں یوکرین کی خود مختاری پر بات کریں گے۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق صدر ولادیمیر زیلنسکی سے بات کرتے ہوئے انھوں نے یوکرین کے لیے برطانیہ کی بھرپور حمایت کا یقین دلایا۔ڈائوننگ سٹریٹ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعظم نے کہا ہے کہ جنگ بندی سے متعلق کیے جانے والے مذاکرات میں یوکرین کی کلیدی حیثیت ہونی چاہیے۔ انھوں نے روس کی غیرقانونی جنگ کے خاتمے کے ذریعے دیرپا امن کی بحالی کے لیے برطانیہ پرعزم ہے۔ترجمان کے مطابق اس فون کال پر دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا ہے کہ یہ یوکرین اور یورپ کی سلامتی کے لیے بہت فیصلہ کن لمحہ ہے۔