شادی سے انکار پرخاتون نے نوجوان کو گولی مار دی

رشتہ دار خاتون 22 سالہ فاروق پر شادی کیلئے دبائو ڈال رہی تھی ، انکار پر گولی مار کر فرار ہوگئی 
قصور(خصوصی رپورٹ)پتوکی میں خاتون نے مبینہ طور پر شادی سے انکار پر نوجوان کو ماتھے پر گولی مار کر زخمی کردیا۔ زخمی نوجوان کی شناخت 22 سالہ فاروق احمد ولد مختار کے نام سے ہوئی ہے،موقع پر موجود زخمی فاروق کی والدہ نے بتایا کہ وہ اپنے رشتہ داروں سے ملنے پتوکی آئے ہوئے تھے، انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان کی ایک رشتہ دار خاتون جس کا شوہر جیل میں ہے، فاروق پر شادی کیلئے مسلسل دبائو ڈال رہی تھی۔ فاروق کی جانب سے انکار پر خاتون نے طیش میں آکر فاروق کو گولی کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگئی۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمی نوجوان کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تشویشناک حالت میں تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال منتقل کر دیا۔