امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکی فورسز نے خلیج عمان میں ایک ایرانی پرچم بردار کارگو جہاز کو فائرنگ کے بعد تحویل میں لے لیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ جہاز سے برآمد ہونے والے مواد کی تفصیلات ظاہر نہیں کی جا سکتیں کیونکہ وہ "ٹاپ سیکریٹ" ہیں۔ اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے، صدر ٹرمپ نے کہا کہ جہاز میں کچھ چیزیں موجود تھیں، لیکن وہ خفیہ رکھی گئی ہیں۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ امریکا کو اس کارروائی میں بہت کچھ حاصل ہوا ہے۔ جب ایک صحافی نے پوچھا کہ کیا وہ چین پر امریکی ناکہ بندی توڑنے کی کوشش پر ناراض ہیں، تو ٹرمپ نے جواب دیا کہ نہیں، کیونکہ امریکا بھی دیگر ممالک کے ساتھ ایسا کرتا ہے۔ یاد رہے کہ اتوار کے روز صدر ٹرمپ نے انکشاف کیا تھا کہ امریکی فوج نے خلیج عمان میں ایک ایرانی کارگو جہاز پر فائرنگ کے بعد اسے تحویل میں لیا تھا، کیونکہ وہ امریکی بحری ناکہ بندی عبور کرنے کی کوشش کر رہا تھا۔