لاہور (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ (ق) نے خیبر پختونخوا اسمبلی کا اجلاس اسٹیڈیم میں بلانے کے فیصلے کو ناکام قرار دیتے ہوئے اسے جمہوری روایات کے منافی اقدام قرار دیا ہے۔ پارٹی رہنماؤں نے کہا ہے کہ اس تجربے نے واضح کر دیا کہ اسمبلی کا اصل اور موزوں مقام اسمبلی ہال ہی ہے۔پارٹی کے مرکزی ترجمان مصطفیٰ ملک اور صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ اسمبلی جیسے باوقار ادارے کو اسٹیڈیم منتقل کرنا ایک غیر سنجیدہ فیصلہ تھا، جو بالآخر ناکامی پر منتج ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کا اسٹیڈیم میں اجلاس جمہوری اقدار اور پارلیمانی روایات سے انحراف کے مترادف ہے۔مصطفیٰ ملک نے کہا کہ جمہوریت کا مقصد سیاسی شو یا نمائشی سرگرمیاں نہیں بلکہ قانون سازی اور عوامی خدمت ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسمبلی اجلاس کو نمائشی انداز دینا پارلیمانی نظام کی روح کے خلاف ہے اور اس سے اداروں کی سنجیدگی متاثر ہوتی ہے۔صوبائی صدر انتخاب خان چمکنی نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عوام اس وقت مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی جیسے سنگین مسائل کا سامنا کر رہے ہیں، جبکہ حکومت تشہیری سرگرمیوں میں مصروف رہی۔ ان کے مطابق عوامی مسائل کو نظر انداز کر کے نمائشی سیاست کرنے کا انجام سیاسی ناکامی کی صورت میں سامنے آیا ہے۔مسلم لیگ (ق) کے رہنماؤں نے زور دیا کہ آئندہ ایسے غیر سنجیدہ فیصلوں سے گریز کیا جائے اور آئینی اداروں کے وقار کو برقرار رکھا جائے، کیونکہ ان کا احترام ہر جمہوری حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے۔