کینال تنازع کے باعث دھرنوں کی وجہ سے کراچی سے ملک بھر میں ادویات کی ترسیل معطل

کینال تنازع کے باعث دھرنوں کی وجہ سے کراچی سے ملک بھر میں ادویات کی ترسیل معطل

کراچی: کینال تنازعہ کے باعث قومی شاہراہوں پر دھرنوں کی وجہ سے کراچی سے ملک بھر میں ادویات کی ترسیل متاثر ہوگئی ہے۔

 احتجاج کے دوران ہائی ویز کی بندش نے سندھ سے دیگر صوبوں کو ادویات کی ترسیل کو معطل کر دیا ہے۔پاکستان کیمسٹس اینڈ ڈرگسٹس ایسوسی ایشن کے چیئرمین عبدالصمد میمن نے اس صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہائی ویز کی بندش کے باعث ادویات کی ترسیل میں سنگین مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب اہم ادویات فضائی راستوں کے ذریعے بھجوائی جا رہی ہیں کیونکہ زمینی راستے سے ترسیل کے لیے لاجسٹک کمپنیوں نے اسٹاک لینا بند کردیا ہے۔عبدالصمد میمن نے مزید کہا کہ "ملک کے دیگر شہروں میں فی الحال ادویات کی قلت کا خدشہ نہیں ہے کیونکہ ایک سے ڈیڑھ ماہ کا اسٹاک ہر شہر میں رکھا جاتا ہے، اور کول چین کی ضروریات کو پورا کرنے والی بیشتر ادویات پہلے ہی فضائی راستوں سے بھیج دی جاتی ہیں۔"

تاہم، انہوں نے خبردار کیا کہ اگر احتجاج اور شاہراہوں کی بندش کا دورانیہ بڑھتا ہے تو اس سے ادویات کی فراہمی میں شدید کمی آ سکتی ہے، جس کے نتیجے میں بعض ضروری ادویات کی قلت ہو سکتی ہے۔اس صورتحال نے صحت کے شعبے میں مزید مسائل پیدا کیے ہیں، اور حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ وہ اس معاملے پر فوری کارروائی کریں تاکہ ملک میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔