مہنگائی میں اضافے سے شہری پریشان، اہم مطالبہ پیش کردیا

مہنگائی میں اضافے سے شہری پریشان، اہم مطالبہ پیش کردیا

اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے باوجود اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں خاطر خواہ کمی نہ آنے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں معمولی کمی کا براہِ راست فائدہ عوام تک منتقل نہیں ہو رہا، جبکہ روزمرہ استعمال کی اشیاء تاحال مہنگی ہیں۔شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ صارفین تک پہنچانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں اور مہنگائی کو کنٹرول کرنے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔واضح رہے کہ حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کی ہے۔ پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 70 پیسے فی لیٹر کمی کے بعد اس کی نئی قیمت 392 روپے 5 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے۔اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 418 روپے 96 پیسے فی لیٹر مقرر ہوگئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود ٹرانسپورٹ، اشیائے خورونوش اور دیگر ضروریات زندگی کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھنے میں نہیں آئی۔ان کا مطالبہ ہے کہ حکومت مارکیٹ میں قیمتوں کی نگرانی مؤثر بنائے اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اثرات کرایوں، اشیائے ضروریہ اور دیگر بنیادی اخراجات میں بھی منتقل کرنے کو یقینی بنائے، تاکہ عوام کو حقیقی ریلیف مل سکے۔