سابق سپیکر سد قیصر کو گرفتار کر کے عدالت پیش کرنے کا حکم

پرویز الٰہی، اسد عمر ، شبلی فراز کی حاضری استثنیٰ کی درخواستیں منظور ، سماعت 6اکتوبر کو ہوگی
 عمران اسماعیل کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری ، مروت نے7 اے ٹی اے کی دفعہ چیلنج کردی 
اسلام آباد(خصوصی رپورٹ)انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا نے جوڈیشل کمپلیکس حملہ کیس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے قابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیدیا۔ گزشتہ روز کیس کی سماعت کے دوران پی ٹی آئی رہنماؤں پرویز الٰہی، اسد عمر اور شبلی فراز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواستیں منظور کر لی گئیں۔ عدالت کو بتایا گیا کہ بانی پی ٹی آئی سے متعلق وزارت قانون کو لکھے گئے خط کا جواب تاحال موصول نہیں ہوا،پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی میں مقدمہ درج ہے، عدالت نے سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف آزادی مارچ کیس کی سماعت کے دوران سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دئیے۔جوڈیشل مجسٹریٹ مبشر حسن چشتی نے حکم دیا کہ عمران اسماعیل کو گرفتار کرکے عدالت کے روبرو پیش کیا جائے۔انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج طاہر عباس سپرا کی عدالت نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف 4 اکتوبر احتجاج اور سنگجانی جلسہ کیس کی سماعت کی۔ سنگجانی جلسہ کیس میں شیر افضل مروت نے7 اے ٹی اے کی دفعہ چیلنج کرتے ہوئے دائرہ اختیار کے حوالے سے درخواست دائر کر دی اورمؤقف اپنایا کہ اس کیس میں دفعہ 7 اے ٹی اے کا اطلاق نہیں بنتا، اس پر عدالت نے ریمارکس دئیے کہ آپ درخواست دیدیں، میں اس پر نوٹس کر دیتا ہوں۔عدالت نے دونوں کیسز کی سماعت 6 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔