ویب ڈیسک: سندھ حکومت نے رواں ہفتے خواتین اور طالبات کو مفت الیکٹرک پنک سکوٹیز فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس سلسلے میں صوبائی وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کی ایم ڈی کنول بھٹو سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔شرجیل انعام میمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ سہولت خواتین کیلئے ایک انقلابی قدم ہے جس سے انہیں محفوظ، باوقار اور کم خرچ سفر کی سہولت میسر آئے گی۔ اس سکیم کا خاص مقصد ان خواتین کی مدد کرنا ہے جو تعلیم، ملازمت یا دیگر ضروریات کیلئے روزانہ پبلک ٹرانسپورٹ استعمال کرتی ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ درخواست گزار خواتین اور طالبات کا ریکارڈ سندھ ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ذریعے مرتب کیا جا رہا ہے جبکہ میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر سکوٹیز الاٹ کی جائیں گی۔ اس کے لیے شفاف اور آسان طریقہ کار وضع کیا گیا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ خواتین اس سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں۔وزیر اطلاعات و ٹرانسپورٹ نے مزید کہا کہ حکومت سندھ چاہتی ہے کہ خواتین اپنی زندگی کے ہر شعبے میں خودمختار ہوں، اور یہ سکیم ان کے لیے عملی طور پر ایک مثبت اور مددگار قدم ثابت ہوگی۔