لاہور: باغبان پورہ پولیس نے پلاسٹک فیکٹری سے مبینہ طور پر ڈھائی کروڑ روپے مالیت کا سامان چوری کرنے کے الزام میں دو ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے چوری شدہ سامان کی 40 بوریاں بھی برآمد کرلی ہیں۔پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت سجاد اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔ دونوں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے مبینہ طور پر باہمی ملی بھگت سے پلاسٹک فیکٹری سے قیمتی سامان چوری کیا۔حکام کا کہنا ہے کہ ملزمان گزشتہ دو سال سے فیکٹری مالکان کو مبینہ طور پر چکما دے رہے تھے اور اس دوران چوری کی وارداتوں میں ملوث رہے۔ فیکٹری سے چوری ہونے والے سامان کی مجموعی مالیت تقریباً ڈھائی کروڑ روپے بتائی گئی ہے۔
باغبان پورہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے قبضے سے چوری شدہ سامان کی 40 بوریاں برآمد کرلیں۔ پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے واقعے کی مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔پولیس حکام کے مطابق تحقیقات کے دوران چوری کے طریقۂ واردات، سامان کی منتقلی اور اس میں ممکنہ طور پر ملوث دیگر افراد کے حوالے سے معلومات اکٹھی کی جائیں گی۔