لاہور: چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) محسن نقوی نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کو مزید شہروں تک پھیلانے کا فیصلہ کرلیا، جبکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے 12ویں سیزن کے لیے فرنچائزز کی جانب سے بہترین اسکواڈز کی تشکیل کا عمل بھی شروع ہونے جا رہا ہے۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی زیر صدارت ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کی گورننگ کونسل کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر سلمان نصیر، فرنچائزز کے نمائندوں اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں لیگ کے آئندہ سیزن، کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ اور پی ایس ایل کو ملک کے مزید شہروں تک وسعت دینے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اجلاس کے دوران چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے پی ایس ایل کو مزید شہروں میں منعقد کرنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس مرتبہ لیگ کو زیادہ شہروں تک لے کر جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل پاکستان میں کرکٹ کا سب سے بڑا اسٹیج ہے اور اس کی مقبولیت میں اضافے کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔محسن نقوی نے کہا کہ پی ایس ایل کے گیارہویں سیزن کا اختتام ریکارڈ تعداد میں شائقین کی موجودگی میں ہوا، اور اب اسی جوش و جذبے کو آگے بڑھایا جائے گا۔ لیگ کو مزید شہروں تک پھیلانے سے مختلف علاقوں کے کرکٹ شائقین کو اپنے پسندیدہ کھلاڑیوں اور ٹیموں کو براہ راست دیکھنے کا موقع مل سکتا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے لیے کھلاڑیوں کی ڈائریکٹ سائننگ کا مرحلہ 23 اکتوبر سے 23 نومبر کے درمیان ہوگا۔ اس عمل کے دوران فرنچائزز کو اپنے اسکواڈز کی تشکیل اور انہیں مضبوط بنانے کے لیے اہم فیصلے کرنا ہوں گے۔پی ایس ایل کے سی ای او سلمان نصیر نے کہا کہ آج سے ہر فرنچائز کے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل 12 کا بہترین اسکواڈ تیار کرنے کی دوڑ شروع ہو رہی ہے۔ ان کے مطابق فرنچائزز کی حکمت عملی اور کھلاڑیوں کے انتخاب کا عمل آئندہ سیزن کی تیاریوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔