جامعہ کراچی ہماری ماں ہے، یہاں کے طلبہ کو اچھی ڈائریکشن دیں،مصطفی کمال

 وفاقی وزیر نے جامعہ سکول آف نرسنگ کے فوری قیام کے لیے تعاون کی پیشکش کردی 
کراچی(آئی این پی) وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے جامعہ کراچی میں اسکول آف نرسنگ کے فوری قیام کے لیے اپنے تعاون کی پیشکش کردی ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعلان کیا ہے کہ جیسے ہی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی جانب سے اس سلسلے میں انھیں باقاعدہ خط موصول ہوگا وہ نرسنگ کونسل کا ہنگامی اجلاس بلاکر اس معاملے میں پیش رفت کروائیں گے۔ واضح رہے کہ جامعہ کراچی میں اسکول آف نرسنگ کی خواہش یونیورسٹی کے نئے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی کی جانب سے تقریب افتتاح سے قبل وائس چانسلر سیکریٹریٹ میں وزیر صحت مصطفی کمال کے ساتھ ون ٹو ون ملاقات میں کی گئی تھی۔تقریب سے یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر وسیم قاضی اور چیئرمین شعبہ ڈاکٹر صادق علی خان نے بھی خطاب کیا۔جامعہ کراچی کے شعبہ کمپیوٹر سائنس کی جانب سے منعقدہ کیریئر کنیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں یہ سنجیدہ بحث ہے کہ نئے انتظامی یونٹ بنا کر اسپتالوں اور جامعات سمیت تمام پبلک سروس اداروں کو ترقی دی جائے۔ اس بات پر بحث ہو رہی ہے کہ موجودہ نظام سے بہتری آئی ہے یا مزید ابتری آئی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 8884 ارب روپے وزرائے اعلی کو دیے گئے ہیں، یہ پیسے کسی کو واپس نہیں کرنے صرف سوشل سیکٹر کی ترقی کے لیے خرچ ہونے تھے پھر بھی کراچی کا یہ حشر ہے، 22 ہزار ارب روپے انہیں دیے جا چکے ہیں، سوچنا ہے ملک بچانا ہے یا لوگوں کی خواہشات کو بچانا ہے۔انہوں نے کہا کہ دو صوبوں میں جنگ چل رہی ہے۔ پڑوسی ملک دہشت گردوں کی مدد کر رہا ہے۔