بیرون ملک بیٹھے یوٹیوبرز پی ٹی آئی کے سب سے بڑے دشمن ہیں خواجہ آصف

یہ یوٹیوبرز بیرون ملک محفوظ بیٹھ کر ڈالر کما رہے ہیں  جبکہ ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹوں کی قیمت پاکستان میں موجود پی ٹی آئی کو چکانا پڑتی ہے‘پوری جماعت کو برباد کردیا
ایسی صورت حال پہلے کبھی نہیں دیکھی ‘ جس شخص کی حمایت کے دعوے کئے جا رہے ہوں، اسی کی آزمائشوں اور مشکلات کو فروخت کرکے ڈالر کمائے جا رہے ہوں:ایکس پر بیان
اسلام آباد ( آن لائن) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کو پاکستان تحریک انصاف کے لیے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے  یہ یوٹیوبرز بیرون ملک محفوظ بیٹھ کر ڈالر کما رہے ہیں، جبکہ ان کی منفی اور اشتعال انگیز پوسٹس کی قیمت پاکستان میں موجود پی ٹی آئی کو چکانا پڑتی ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر اپنے بیان میں خواجہ آصف نے بیرون ملک مقیم یوٹیوبرز کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا  ایسی صورت حال پہلے کبھی نہیں دیکھی کہ جس شخص کی حمایت کے دعوے کیے جا رہے ہوں، اسی کی آزمائشوں اور مشکلات کو فروخت کرکے ڈالر کمائے جا رہے ہوں۔وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ جب پی ٹی آئی کی حکومت تھی، تب بھی ان یوٹیوبرز کی عید تھی، لیکن اب جماعت اقتدار میں نہیں ہے تو بھی ان کی جیبیں بھر رہی ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ ان یوٹیوبرز نے پوری جماعت کو برباد کرکے رکھ دیا ہے۔خواجہ آصف نے اپنے بیان میں اس امر پر تنقید کی کہ بیرون ملک بیٹھے یہ افراد اپنے سوشل میڈیا مواد کے ذریعے مالی فائدہ حاصل کرتے ہیں، جبکہ اس مواد کے سیاسی اثرات اور نتائج پاکستان میں پی ٹی آئی کو بھگتنا پڑتے ہیں۔