باغوں کے شہر میں فضائی آلودگی کی شرح 499 پر جا پہنچی،کل تک سموگ میں اضافہ ہوگا:چیف میٹرولوجسٹ
لاہور( کرائم رپورٹر)بھارتی پنجاب سے ہوائیں پاکستان میں داخل ہونے لگیں جس کی وجہ سے پنجاب میں فضائی آلودگی میں پھر اضافہ ہوگیا۔گزشتہ صبح کے وقت لاہور میں فضائی معیارانتہائی خراب رہا اورفضائی آلودگی کے اعتبار سے لاہوردنیا بھر کے شہروں میں پہلے نمبر پر آگیا،باغوں کے شہر لاہور میں فضائی آلودگی کی شرح 499 پر جا پہنچی، کینٹ کے علاقے کا ایئر کوالٹی انڈیکس 698 جبکہ ڈی ایچ اے کے علاقے کا اے کیو آئی 565 ریکارڈ کیا گیا۔ فیصل آباد میں 424، ملتان میں 378 اور روجھان میں پارٹیکولیٹ میٹرز کی تعداد 275 رہی۔ادھر سموگ میں کمی پرپابندیوں میں نرمی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد پنجاب بھر کے تفریحی مقامات آج سے کھل جائیں گے۔ چیف میٹرولوجسٹ علیم الحسن کا کہنا ہے کہ ہوائوں کا رخ شمال مغرب سے جنوب مشرق کی طرف ہونے کے باعث کل تک شہر لاہور میں سموگ کی شرح میں اضافہ ہو گا، لاہور میں تاحال بارش کا کوئی امکان نہیں البتہ پہاڑی علاقوں میں بارش کے ساتھ برف باری متوقع ہے۔