کئی شہروں میں بارش ، دھند چھا گئی

لاہور میں وقفے وقفے سے بارش جاری ،شدید دھند پرفلائٹ آپریشن متاثر، موٹرویز بند، آج مزید بارش کاامکان
 لاہور، اسلام آباد،مری ،قلات (مانیٹرنگ ڈیسک )پنجاب اورخیبر پختونخوا کے متعددشہروں میں بارش سے سردی کی شدت مزید بڑ ھ گئی جبکہ لاہور میں وقفے وقفے سے ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے،شدید دھند سے فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر ہورہاہے۔ لاہور،سیالکوٹ ،گجرات ،قصور میں بارش ہوئی۔ لاہور میں دن بھر وقفے وقفے سے بارش ہوتی رہی۔محکمہ موسمیات کے مطابق بادل برسانے والا سسٹم پاکستان میں داخل ہو چکا ہے جسکے تحت بالائی پنجاب کے بیشتر اضلاع سمیت لاہور میں آج مزید بارش کا امکان ہے سب سے زیادہ بارش چترال 59، دیر (بالائی 28، زیریں 3)، دروش 27،میر کھانی 25، کالام 10، پٹن، استور 5،سکردو4،پاراچنار 3، مالم جبہ، کاکول،کوٹلی 2، لاہور (ایئرپورٹ 8، سٹی 3)،سیالکوٹ،گجرات 3اورقصور میں 2،ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ لاہورایئرپورٹ کے اطراف میں شدید دھند سے فلائٹ آپریشن متاثر رہا۔لاہور آنے والی ایک پرواز منسوخ جبکہ7 سے زائد پروازیں تاخیر کا شکار رہیں۔کراچی سے آنے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 402 کو منسوخ کر دیا گیا۔ دبئی سے آنے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 417 بارہ گھنٹے ،مشہد سے آنیوالی غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز ایچ ایچ 7207 تین گھنٹے ،کراچی سے لاہور آنے والی سیرین ایئر کی پرواز ای آر 524 ایک گھنٹہ ،لاہور سے جدہ جانے والی سعودی پرواز ایس وی 739 دس گھنٹے جبکہ لاہور سے دبئی جانے والی ایئر بلیو کی پرواز پی اے 410 چھ گھنٹے تاخیر کا شکار ہو گئی ، مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ویک اینڈ پر ملک بھر سے برفباری کے شوقین سیاحوں کی بڑی تعدادنے مری کارخ کیا،ملکہ کوہسار کو تین روزسے گہرے بادلوں اوریخ بستہ ہوائوں نے لپیٹ میں لے رکھاہے سردی کی شدت میں مزید اضافہ ہوگیا ہے اور درجہ حرارت نقطہ انجمادسے گرگیاہے تاہم برفباری نہ ہونے سے سیاحوں کومایوسی کاسامناکرناپڑا۔ کو ئٹہ میں درجہ حرارت منفی 8،گوپس منفی 6،پاراچنار،بگروٹ منفی 4، ہنزہ اور لہہ میں منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ قلات اور گردونواح میں برفباری کے بعد خون جمادینی والی سردی میں تیزی آگئی ، درجہ حرارت منفی 9 ریکارڈ کیا گیا۔ موٹروے ایم 4 ایم 3 ایم 2اور11 کو دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیاایم 4پنڈی بھٹیاں سے عبدالحکیم تک بند کردیا گیا ، لاہورلتان موٹروے ایم تھری فیض پور تا ملتان کو بند کردیا گیا ،موٹروے ایم 11 لاہور سیالکوٹ کو بند کر دیا گیا جبکہ لاہور اسلام آباد موٹروے ایم ٹو لاہور سے کوٹ مومن تک بند کر دی گئی ترجمان موٹر وے پولیس کے مطابق موٹرویز کو عوام کی حفاظت اور محفوظ سفر یقینی بنانے کے لیے بند کیا جاتا ہے،دھند میں لین کی خلاف ورزی حادثات کا سبب بن سکتی ہے،روڈ یوزرز دھند میں لین ڈسپلن کو یقینی بنائیں ، شہری زیادہ سے زیادہ دن کے اوقات پر سفر کرنے کو ترجیح دیں،ڈرائیور حضرات آگے اور پیچھیدھند والی لائٹس کا استعمال کر یں،عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔