نوجوانوں کی توانائیوں کو تعمیری سمت میں لگانا ہوگا: سپیکر پنجاب اسمبلی

 انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو پالیسی سازی کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے
تعلیم، بے روزگاری، اور ماحولیاتی مسائل پر نوجوانوں کے کردار کی اشد ضرورت ہے،ملک احمد خان کاخطاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان نے 18ویں یوتھ پارلیمنٹ پاکستان کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوجوانوں کے کردار کو پاکستان کے مستقبل کی تعمیر میں کلیدی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان غیر معمولی صلاحیتوں کے حامل ہیں، جو نہ صرف قومی بل کہ بین الاقوامی سطح پر بھی نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں۔سپیکر نے کہا کہ نوجوان نہ صرف مستقبل کے لیڈر ہیں بل کہ تبدیلی کے موجودہ محرک بھی ہیں،ہم نوجوانوں کو وہ پلیٹ فارم مہیا کرنا چاہتے ہیں جہاں وہ اپنے خیالات اور تجاویز پیش کر سکیں۔اجلاس یورپی یونین، یو این او ڈی سی، اور نیکٹا کے اشتراک سے پنجاب اسمبلی کے اولڈ سیشن ہال میںپاکستان میں دہشت گردی کی روک تھام کے منصوبے کے تحت منعقد کیا گیا، جس میں پاکستان کے تمام حلقوں، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان، اور بیرون ملک مقیم پاکستانی نوجوانوں نے شرکت کی۔سپیکرملک محمد احمد خان نے کہا کہ انتہا پسندی اور عدم برداشت کے خاتمے کے لیے نوجوانوں کو پالیسی سازی کا حصہ بنانا وقت کی ضرورت ہے۔تعلیم، بے روزگاری، اور ماحولیاتی مسائل پر نوجوانوں کے کردار کی اشد ضرورت ہے تاکہ ہم ایک پرامن اور ترقی یافتہ پاکستان کی تعمیر کر سکیں۔سپیکر نے اس بات پر زور دیا کہ ہمیں نوجوانوں کی توانائیوں کو تعمیری سمت میں لگانا ہوگا، یہ نسل ہمارے جمہوری مستقبل کے ضامن ہیں اور پاکستان کی ایک تہائی آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے، جو ہمارے ملک کی ترقی کے لیے ایک اہم اثاثہ ہیں۔