لاہور(کرائم رپورٹر)اے این ایف نے ملک کے مختلف شہروں میں کارروائیاں کرتے ہوئے منشیات اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی 3 مختلف کارروائیوں کے دوران 4 ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ 2 کروڑ 33 لاکھ روپے سے زائد مالیت کی 21.64 کلوگرام منشیات برآمد کر لی گئی۔ترجمان اے این ایف کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر دبئی جانے والے ایک مسافر کے بیگ سے 1.040 کلوگرام آئس برآمد کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا گیا۔ایک اور کارروائی میں علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور کے کارگو شیڈ میں برطانیہ بھیجے جانے والے پارسل سے 17.6 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی، جو لیڈیز گارمنٹس میں مہارت سے چھپائی گئی تھی۔ادھر حیدرآباد کے قریب کارروائی کے دوران موٹر سائیکل سوار ملزم کے قبضے سے 3 کلوگرام چرس برآمد کر لی گئی۔اے این ایف حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف انسدادِ منشیات ایکٹ 1997 کے تحت مقدمات درج کر کے مزید تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔