پی ایس ڈی پی منصوبے روزگار کو فروغ دیں گے: اسحاق ڈار

پی ایس ڈی پی منصوبے روزگار کو فروغ دیں گے: اسحاق ڈار

نائب وزیرِ اعظم اسحاق ڈار کی زیرصدارت پی ایس ڈی پی 2025-26 کا اجلاس ہوا جس میں منصوبہ بندی، اقتصادی امور، خوراک و سیکیورٹی کے وزراء اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

 اجلاس میں منصوبہ بندی کمیشن کی جاری سکیموں، آئندہ مالی سال کی ترجیحات اور درپیش چیلنجز پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔نائب وزیرِ اعظم نے کہا کہ پی ایس ڈی پی منصوبے روزگار کے مواقع پیدا کریں گے، غربت میں کمی لائیں گے اور علاقائی برابری کو فروغ دیں گے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پی ایس ڈی پی کو وزیرِ اعظم شہباز شریف کے وژن "اڑان پاکستان" کے ساتھ مکمل ہم آہنگ کیا جائے تاکہ ترقیاتی منصوبے ملک کے ہر حصے تک پہنچ سکیں۔اجلاس میں مالی مشکلات کے پیش نظر پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کی اہمیت پر زور دیا گیا اور اس حوالے سے ایک ذیلی کمیٹی قائم کی گئی تاکہ سرمایہ کاری اور ترقی کے منصوبے جلد از جلد مکمل ہو سکیں۔

 توانائی، ٹرانسپورٹ، پانی، زراعت، ٹیکنالوجی اور سی پیک فیز 2 کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔شرکاء نے اتفاق کیا کہ کم ترقی یافتہ علاقوں کو بااختیار بنانا، وہاں کی قومی پیداوار میں اضافہ اور معیشت کی مجموعی بہتری کے لیے خصوصی توجہ دی جائے گی۔ اس اجلاس کا مقصد ملک میں پائیدار ترقی کو یقینی بنانا اور ہر خطے کے لیے مساوی مواقع فراہم کرنا تھا۔